نئی دہلی: یکم دسمبر(ایس او نیوز آئی/ این ایس انڈیا)
ترنمول کانگریس کے ایم پی سدیپ بندوپادھیائے نے آج حکومت سے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کیے جانے کے معاملے کو دیکھنے کے لیے کہا۔لوک سبھا میں نوٹ بند ی کے معاملے پر کچھ اپوزیشن پارٹیوں کی مخالفت اور نعرے بازی کے درمیان سدیپ بندوپادھیائے نے آج کہا کہ ہیکنگ کے مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو آگے آکر صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔غورطلب ہے کہ کل رات راہل گاندھی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور اس پر تقریبا ایک گھنٹے تک نازیبا پیغامات پوسٹ کئے گئے۔آج صبح کانگریس پارٹی کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بھی ہیک کر لیا گیا اور اس پر بھی بڑی تعداد میں نازیبا پیغامات ڈال دیئے گئے۔معاملے کی جانچ دہلی پولیس کی سائبر سیل کر رہی ہے۔